نئی دہلی، 15 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) دہلی کی ایک عدالت نے ملک میں کووڈ 19 وبائی امراض کے تناظر میں جاری حکومتی ہدایات پر عمل نہیں کرتے ہوئے مبینہ طور پر تبلیغی جماعت کے پروگرام میں حصہ لینے کے الزامات کا سامنا کررہے 36 غیر ملکیوں کومنگل کو بری کردیا۔
چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ارون کمار گرگ نے 14 ممالک کے غیر ملکیوں کو تمام الزامات سے بری کردیا۔ 24 اگست کو عدالت نے غیر ملکیوں کو دفعہ 188 کے تحت (کسی سرکاری ملازم کی طرف سے عائد کردہ حکم کی عدم تعمیل)، 269 (انفیکشن پھیلانے کے لئے غفلت کاارتکاب) اور وبائی قانون کی دفعہ 3 (قواعد پر عمل نہیں کرنے) کے تحت سزا سنائی۔ ان کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے سیکشن 51 کے تحت بھی الزامات عائد کئے گئے تھے۔ غیر ملکی قانون کی دفعہ 14 (اے) (بی) (ویزا قوانین کی خلاف ورزی)، دفعہ 270 (انفیکشن پھیلانے میں غفلت کاارتکاب) اور 271 (سماجی دوری کے اصول پر عمل نہ کرنے) کے بے جا الزامات سے انہیں بری کردیاگیاہے۔
عدالت نے مضبوط دلائل نہ ہونے کی وجہ سے 8 ممالک کے آٹھ غیر ملکی شہریوں کو بھی باعزت بری کردیا۔ ان کے خلاف بھی چارج شیٹ بھی دائر کی گئی تھی۔ نظام الدین کے علاقہ میں تبلیغی جماعت کے پروگرام میں حصہ لینے، کووڈ 19 کے پیش نظر سرکاری ہدایات پر عمل نہ کرنے، غیر قانونی طور پر ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مشنری سرگرمیوں میں حصہ لینے پر غیر ملکیوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی تھی۔